Entertainment

امیتابھ بچن کے گھر اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر حملے کی دھمکیاں، سکیورٹی سخت

امیتابھ بچن کے گھر اور دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر حملے کی دھمکیاں، سکیورٹی سخت
۱ منٹ پہلے

بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی رہائش گاہ اور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

 

 یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں اداکار ٹائیگر شروف سے متعلق فائرنگ کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا تھا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے میئر کے دفتر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں امیتابھ بچن کے مشہور بنگلے ’’جلسہ‘‘ پر حملے کی دھمکی دی گئی۔ 

ای میل میں نومبر میں ہونے والے دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کی دھمکی بھی شامل تھی۔ 

دھمکی آمیز ای میل سامنے آنے کے بعد ممبئی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات شروع کردیے۔ 

پولیس ٹیموں نے ای میل میں نشاندہی کیے گئے مقامات کی تلاشی لی اور وہاں موجود سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا بروقت پتا لگایا جاسکے۔ 

تاہم ابتدائی تلاشی اور جانچ پڑتال کے دوران کوئی مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی فوری خطرے کی تصدیق ہوسکی۔ 

ممبئی میں حالیہ سیکیورٹی واقعات کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معروف فلمی شخصیات کی رہائش گاہوں اور بڑے ثقافتی پروگراموں کے مقامات کے اطراف حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے ہیں۔ 

دلجیت دوسانجھ کے آئندہ کنسرٹ کے حوالے سے بھی سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ 

واضح رہے کہ دھمکی آمیز ای میل میں کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں کسی ممکنہ حملے کی تیاری کے شواہد سامنے آنے کی اطلاع نہیں دی گئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں