اداکارہ ایمن سلیم نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی
پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی اوراداکارہ ایمن سلیم نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کردیا۔ اداکارہ نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو اپنی سیاسی زندگی کی سب سے بڑی تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں ذاتی مفادات کے بجائے عوام اور ملک کی خدمت کے جذبے سے قدم رکھ رہی ہیں۔
ایمن سلیم نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور اپنے فیصلے کی وجوہات بھی بیان کیں۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی مداح رہی ہیں اور ان کی شخصیت اور زندگی سے ہمیشہ متاثر ہوتی رہی ہیں۔
ایمن سلیم کے مطابق بے نظیر بھٹو نے انہیں کم عمری میں ہی یہ سبق دیا کہ کسی لڑکی کے خواب چھوٹے نہیں ہوتے اور خوابوں کی کوئی صنف نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ہر وہ لڑکی بے نظیر بھٹو سے متاثر ہے جس نے ان کی زندگی اور جدوجہد کو دیکھا ہے۔
اداکارہ نے پیپلز پارٹی کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ محض سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ اپنے ملک اور عوام سے کیا جانے والا ایک وعدہ ہے۔
ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے عوام کی دل سے، اچھی نیت کے ساتھ اور کسی ذاتی غرض کے بغیر خدمت کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا مقصد عوام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا اور انہیں ملنے والے پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ملک کے لیے کام کرنا ہے۔
اس موقع پر اداکارہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی سینئر رہنما فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایمن سلیم کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ انہیں ایمن سلیم کے پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کے فیصلے پر خوشی ہے اور وہ پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں ان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ایمن سلیم کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، جن میں وہ اپنی سیاسی وابستگی اور عوامی خدمت کے عزم کا اظہار کررہی ہیں۔
اس اعلان کے ساتھ ایمن سلیم نے اپنے سیاسی سفر کا باضابطہ آغاز کردیا ہے اور بے نظیر بھٹو کی شخصیت سے متاثر ہونے اور ملک و قوم کی خدمت کو اس فیصلے کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔