مرد اداکاروں نے مجھے کبھی ہیلز نہ پہننے کی درخواست نہیں کی، کریتی سینن
بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے اپنے قد اور مرد اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے دوران ہیلز پہننے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے مرد اداکار نے انہیں کبھی ہیلز نہ پہننے کی درخواست نہیں کی، تاہم فلموں کی شوٹنگ کے دوران بعض اوقات قد کے فرق کو کم دکھانے کے لیے فلیٹ جوتوں کا انتخاب تکنیکی ضرورت ہوسکتا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران کریتی سینن سے ان کے قد اور اس حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کے بارے میں سوال کیا گیا کہ کیا بعض مرد اداکار اپنے مقابلے میں زیادہ لمبی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے ہوئے عدم تحفظ کا شکار ہوتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کریتی سینن نے واضح کیا کہ کسی بڑے مرد اداکار نے انہیں کبھی ہیلز پہننے سے منع نہیں کیا اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں درست نہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ بعض اوقات کسی بات کو واضح طور پر کہے بغیر بھی صورتحال کا اندازہ ہوجاتا ہے، تاہم وہ خود بھی فلیٹ جوتے پہننا پسند کرتی ہیں۔
کریتی سینن نے فلموں کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی تکنیکی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض مناظر، خصوصاً قریبی شاٹس میں، اداکاروں کے قد کا فرق کم رکھنا بہتر دکھائی دیتا ہے۔
ان کے مطابق ایسے مواقع پر فلیٹ جوتے پہننے کی درخواست کا مقصد صرف منظر کو بہتر انداز میں فلمانا ہوسکتا ہے، اس لیے اسے لازماً کسی مرد اداکار کی عدم تحفظ کی کیفیت سے جوڑنا درست نہیں۔
اداکارہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہیں اپنے قد کی وجہ سے ساتھی اداکاروں کی جانب سے براہِ راست ہیلز نہ پہننے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کریتی سینن بالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور وہ می می، بریلی کی برفی، آدی پُرش اور کاک ٹیل 2 سمیت مختلف فلموں میں اداکاری کرچکی ہیں۔