عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت 114 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی۔ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی کی امیدوں نے تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے، تاہم سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات پر مزید حملوں کے خدشات کے باعث سرمایہ کار بدستور محتاط ہیں۔
پیر کو صبح 10 بج کر 20 منٹ تک عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2.29 فیصد کم ہوگئی۔
اس دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 2 ڈالر 68 سینٹ فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد قیمت 114.04 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
بعد ازاں کاروبار کے دوران قیمت میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور برینٹ کروڈ 1.95 فیصد کمی کے ساتھ 114.44 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔
امریکی خام تیل کی قیمت 2.49 فیصد، یعنی 2 ڈالر 58 سینٹ فی بیرل کم ہوکر 100.69 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی میں ممکنہ کمی کی توقعات نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو نیچے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تاہم سعودی عرب میں تیل کی اہم تنصیبات پر مسلسل حملوں کے خدشات کے باعث عالمی سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، کیونکہ کسی بھی ممکنہ حملے سے توانائی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اس وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ دنوں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
گلف نیوز کے مطابق رواں سال تیل کی عالمی رسد میں ممکنہ کمی کے خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 90 فیصد بڑھ چکی ہے۔
حالیہ دنوں میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً چھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی تھی، جس کی ایک بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات تھے۔
امریکہ اور ایران کے تعلقات میں ممکنہ بہتری کی امیدوں کے باوجود سعودی تیل تنصیبات کی سلامتی اور علاقائی صورتحال سے متعلق غیر یقینی کیفیت عالمی تیل کی منڈی پر اثر انداز ہورہی ہے۔