سی آئی ڈی کے خالق برجیندر پال سنگھ المعروف بی پی سنگھ چل بسے
بھارت کی مشہور کرائم ٹی وی سیریز ’سی آئی ڈی‘ کے خالق، معروف پروڈیوسر اور ہدایت کار برجیندر پال سنگھ المعروف بی پی سنگھ 77 برس کی عمر میں چل بسے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پی سنگھ منگل کی صبح دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے، جس کے بعد بھارتی شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی۔
معروف فلم ساز اشوک پنڈت نے بی پی سنگھ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اشوک پنڈت نے اپنی پوسٹ میں بی پی سنگھ کو ایک شاندار فلم ساز قرار دیا، جنہوں نے اپنے مشہور کرائم اور سسپنس شوز کے ذریعے ناظرین کو طویل عرصے تک اپنی جانب متوجہ کیے رکھا۔
انہوں نے خصوصی طور پر بی پی سنگھ کی مشہور ٹی وی سیریز ’سی آئی ڈی‘ اور ’آہٹ‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام آنے والی نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔
برجیندر پال سنگھ کو بھارتی ٹیلی ویژن کی مقبول کرائم انویسٹی گیشن سیریز ’سی آئی ڈی‘ کے خالق کی حیثیت سے شہرت حاصل ہوئی۔
وہ مشہور ہارر اور سسپنس سیریز ’آہٹ‘ سے بھی وابستہ رہے، جس نے بھارتی ٹیلی ویژن پر نمایاں مقبولیت حاصل کی۔
بی پی سنگھ نے اپنی پروڈکشن اور ہدایت کاری کے ذریعے بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں منفرد شناخت بنائی اور کرائم و سسپنس ڈراموں کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز سے وابستہ مختلف شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مداحوں نے معروف ہدایت کار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی ٹیلی ویژن کے لیے ان کی خدمات اور ’سی آئی ڈی‘ اور ’آہٹ‘ جیسے مقبول پروگراموں کو یاد کیا۔