بوٹوکس سے چہرہ لٹک گیا، فالج کا ڈر پیدا ہوگیا، بشریٰ انصاری کا انکشاف
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً 10 سے 12 سال قبل بوٹوکس کروانے کے بعد ان کے چہرے کی حالت بگڑ گئی تھی، آنکھیں متاثر ہوئیں اور ہونٹوں کی ساخت بھی تبدیل ہوگئی تھی۔
اداکارہ کے مطابق چہرے میں اچانک تبدیلی دیکھ کر وہ خوفزدہ ہوگئی تھیں اور انہیں خدشہ ہوا کہ کہیں فالج تو نہیں ہوگیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے جلد کی دیکھ بھال اور کاسمیٹک ٹریٹمنٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنا ذاتی تجربہ شیئر کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ 10 سے 12 سال پہلے انہوں نے آنکھ کے گرد بوٹوکس کروایا تھا، تاہم ڈاکٹرز کی جانب سے مناسب رہنمائی نہ ملنے کے باعث انہیں پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بشریٰ انصاری کے مطابق وہ بوٹوکس کروانے کے بعد چہرے کی اسی جانب کروٹ لے کر سوگئیں جہاں ٹریٹمنٹ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ سے چھ روز بعد ان کے چہرے میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی اور ان کے بقول بوٹوکس اپنی جگہ سے نیچے کی جانب منتقل ہوگیا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس کے بعد ان کا چہرہ بری طرح لٹک گیا، آنکھیں متاثر ہونے لگیں اور ہونٹوں کی شکل بھی بدل گئی۔
بشریٰ انصاری کے مطابق وہ اپنی حالت دیکھ کر شدید خوفزدہ ہوگئیں اور انہیں محسوس ہوا کہ شاید انہیں فالج ہوگیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ چہرے کی حالت خراب ہونے کے باعث وہ تقریباً دو ماہ تک گھر میں رہیں اور کسی کو اپنا چہرہ نہیں دکھایا۔
سینئر اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے متعلقہ ڈاکٹر کو فون کرکے اپنی پریشانی سے آگاہ کیا تو ڈاکٹر نے ان کی شکایت کو وہم قرار دے دیا، جس پر انہیں شدید غصہ آیا۔
بعد ازاں بشریٰ انصاری نے ایک دوسرے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، جس نے ان کے مطابق وضاحت کی کہ بوٹوکس اپنی مقررہ جگہ سے ہٹ گیا تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ کاسمیٹک ٹریٹمنٹ کروانے والے مریضوں کی مناسب رہنمائی کریں، ان کے مسائل سنیں اور کسی پیچیدگی کی صورت میں انہیں تسلی دینے کے ساتھ مسئلے کا حل بھی فراہم کریں۔