Pakistan

سپین ٹرین حادثہ: صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا اظہارِ افسوس

سپین ٹرین حادثہ: صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار کا اظہارِ افسوس
۷ گھنٹے پہلے

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سپین کے صوبے تولیڈو میں دو ٹرینوں کے ہولناک تصادم پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ 

صدر آصف علی زرداری نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں سپین میں پیش آنے والے المناک ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ 

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سپین کی حکومت اور غمزدہ عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سپین کے شہر تولیڈو میں ٹرینوں کے تباہ کن تصادم پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ 

ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ہسپانوی ہم منصب پیڈرو سانچیز، سپین کے عوام اور بالخصوص حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کی۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ان کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں سپین کے ساتھ کھڑا ہے۔ 

دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی تولیڈو میں ٹرین حادثے پر شدید صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔ 

اپنے تعزیتی پیغام میں اسحاق ڈار نے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ 

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سپین کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں