Entertainment

کراچی خواتین کیلئے جیل ہے، عورتیں پاکستان میں آزاد زندگی نہیں گزار سکتیں، حنا الطاف

کراچی خواتین کیلئے جیل ہے، عورتیں پاکستان میں آزاد زندگی نہیں گزار سکتیں، حنا الطاف
۲ گھنٹے پہلے

 اداکارہ اور ڈیجیٹل کری ایٹر حنا الطاف نے پاکستان میں خواتین کو درپیش پابندیوں اور عدم تحفظ پر طنزیہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے کراچی کو خواتین کے لیے جیل قرار دے دیا۔ ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر خواتین کی آزادی اور تحفظ سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی۔ 

معروف ٹیلی ویژن اداکارہ حنا الطاف، جن کے انسٹاگرام پر 65 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، حال ہی میں برطانیہ کی سیر کے لیے گئی تھیں۔ انہوں نے لندن سے کراچی واپسی سے قبل ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پاکستان میں خواتین کی صورتحال پر اظہارِ خیال کیا۔ 

ویڈیو میں حنا الطاف نے کہا کہ برطانیہ میں ان کا آخری دن ہے اور وہ کراچی واپس جانے سے پہلے لندن میں آخری مرتبہ ناشتے سے لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔ 

اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس کے بعد انہیں دوبارہ کراچی کی جیل میں واپس جانا ہے۔ 

حنا الطاف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین نہ آزادانہ زندگی گزار سکتی ہیں، نہ سکون سے سانس لے سکتی ہیں اور نہ ہی اپنی آزادی سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔ 

انہوں نے خواتین کے تحفظ سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے عوامی مقامات پر آزادانہ پیدل چلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔ 

اداکارہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں لڑکی ہونا گویا ایک جرم بن گیا ہے۔ 

حنا الطاف نے لندن میں اپنے قیام کو خوش گوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہاں بہت اچھا وقت گزارا۔ 

اداکارہ کی ویڈیو اور پاکستان میں خواتین کی آزادی اور تحفظ سے متعلق ان کے بیانات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جس کے بعد صارفین کے درمیان اس معاملے پر بحث جاری ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں