Entertainment

پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کی عالمی دھوم، سپاٹیفائی گلوبل ٹاپ 50 میں 39 ویں پوزیشن

پاکستانی گانے ’الفاظ‘ کی عالمی دھوم، سپاٹیفائی گلوبل ٹاپ 50 میں 39 ویں پوزیشن
۱ منٹ پہلے

پاکستانی گانے ’الفاظ‘ نے عالمی میوزک پلیٹ فارم سپاٹیفائی کے گلوبل ٹاپ 50 چارٹ میں جگہ بناتے ہوئے 39 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ 

 

اردو اور پنجابی زبان پر مشتمل یہ گانا دنیا کے معروف فنکاروں کے گانوں کے ساتھ عالمی چارٹ میں شامل ہوگیا ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے سپاٹیفائی چارٹس میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرچکا ہے۔ 

زین علی، ذوہیب علی اور حمزہ ملک کے گانے ’الفاظ‘ نے بدھ کے روز سپاٹیفائی گلوبل ٹاپ 50 میں 39 واں نمبر حاصل کیا، جبکہ اس سے ایک درجہ اوپر 38 ویں نمبر پر دی ویکنڈ اور جینی کا گانا ’ون آف دی گرلز‘ موجود تھا۔ 

اسی عالمی چارٹ میں اولیویا روڈریگو چھٹے نمبر پر، جسٹن بیبر اور نکی مناج 15 ویں، ہیری اسٹائلز 28 ویں اور مائیکل جیکسن 34 ویں نمبر پر موجود تھے۔ 

گانا ’الفاظ‘ پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے اور دونوں ممالک کے سپاٹیفائی ٹاپ 50 چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ 

عالمی سطح پر کامیابیوں کا سلسلہ برطانیہ تک بھی پہنچا، جہاں ’الفاظ‘ نے آفیشل ایشین میوزک چارٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس چارٹ میں بھارتی فنکاروں کے گانوں کی نمایاں موجودگی کے باوجود پاکستانی گانے نے اپنی جگہ بنائی۔ 

اس دوران ’الفاظ‘ نے ایم ایکس آر سی آئی اور کرن اوجلا کے گانے ’سٹریٹ اپ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ 

گانے کی تیاری میں شامل سٹوڈیو ’جراف‘ نے اس کامیابی کو پاکستانی موسیقی کے لیے غیر معمولی قرار دیا۔ 

سٹوڈیو کے مطابق ’الفاظ‘ کی مقبولیت اس بات کی مثال ہے کہ جب کوئی گانا اپنے سامعین تک پہنچ جاتا ہے تو زبان اور جغرافیائی حدود سے آگے نکل کر دنیا بھر میں اپنی جگہ بناسکتا ہے۔ 

اس سے قبل گزشتہ سال شہریار ریحان اور زوہا وسیم کا گانا ’مجبور‘ بھی سپاٹیفائی کے پاکستانی چارٹ میں پہلے نمبر پر پہنچا تھا، جبکہ بھارت میں اس نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ 

سٹوڈیو جراف کا کہنا ہے کہ ’الفاظ‘ اور ’مجبور‘ مختلف فنکاروں اور الگ موسیقی کے انداز کی نمائندگی کرتے ہیں، تاہم دونوں گانوں کی کامیابیاں ظاہر کرتی ہیں کہ معیاری پاکستانی موسیقی نئے سامعین تک پہنچنے اور بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں