نسٹ کے 45 محققین دنیا کے سرفہرست 2 فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل
پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے 45 محققین کو سال 2026 میں دنیا کے سرفہرست دو فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ عالمی درجہ بندی سٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسیویئر کی جانب سے مرتب کی جاتی ہے۔
نسٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی فہرست میں شامل ہونے والے یونیورسٹی کے 45 محققین مختلف سائنسی، تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یونیورسٹی نے بتایا کہ ان 45 محققین میں سے 16 ایسے ہیں جو مسلسل کئی برسوں سے دنیا کے سرفہرست دو فیصد سائنس دانوں کی فہرست میں جگہ بنارہے ہیں۔
نسٹ کے مطابق ان محققین کی مسلسل شمولیت ان کی مستقل علمی خدمات، تحقیقی معیار اور بین الاقوامی سطح پر سائنسی اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔
سٹینفورڈ یونیورسٹی اور ایلسیویئر کی مرتب کردہ یہ درجہ بندی عالمی تحقیقی برادری میں معتبر سمجھی جاتی ہے، جس میں مختلف شعبوں کے نمایاں سائنس دانوں کی تحقیقی خدمات اور علمی اثرات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے فہرست میں شامل ہونے والے تمام محققین کو مبارک باد دیتے ہوئے اس کامیابی کو یونیورسٹی اور پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ یہ اعزاز عالمی تحقیقی برادری میں پاکستانی سائنس دانوں کی بڑھتی ہوئی شناخت اور نسٹ کے اعلیٰ علمی و تحقیقی معیار کا مظہر ہے۔