اپوزیشن کے پاس جو طاقت موجود ہے اسے استعمال کرے، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش مشکلات پر وزیر داخلہ سے قومی اسمبلی کو بریفنگ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت یقینی بنائے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے وزیر داخلہ کو ایوان میں آکر ارکان پارلیمنٹ کو صورتحال سے آگاہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس جو پارلیمانی اختیارات اور طاقت موجود ہے، اسے استعمال کرنا شروع کریں اور اپنا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری اٹھائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹیوں میں عدم شرکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فنانس کمیٹی میں نہ بیٹھنے سے پارلیمان کا کردار کمزور ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمان طاقتور ہوگی تو حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتیں مضبوط ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھی ذمہ داریاں ہیں اور اسے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں، لیکن اپوزیشن کو بھی پارلیمانی نظام میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی پارلیمان کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو اپنے ارکان کو پارلیمانی کمیٹیوں میں بٹھائیں تاکہ وہ قومی معاملات پر مؤثر انداز میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر الیکٹورل ریفارمز کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے لیکن اپوزیشن اس میں شرکت ہی نہ کرے تو ایسی کمیٹی بنانے کا کیا فائدہ ہوگا؟