Business

پاکستان اور آسیان کی تجارت 12 ارب ڈالر تک، پاکستانی برآمدات ڈیڑھ ارب سے بھی کم

پاکستان اور آسیان کی تجارت 12 ارب ڈالر تک، پاکستانی برآمدات ڈیڑھ ارب سے بھی کم
۱ منٹ پہلے

پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 11 سے 12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے، تاہم آسیان ممالک کو پاکستان کی برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر سے بھی کم ہیں۔

 

 فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے تجارتی عدم توازن کم کرنے، پاکستانی برآمدات بڑھانے اور آسیان ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری و صنعتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 

کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام پاکستان آسیان بزنس راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف آسیان ممالک کے سفیروں، قونصل جنرلز، تجارتی نمائندوں اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 11 سے 12 ارب ڈالر ہے، لیکن پاکستان کی ان ممالک کو برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر سے بھی کم ہیں، جن میں نمایاں اضافے کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، زراعت، ایگری فوڈ اور حلال صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ 

ثاقب فیاض مگوں کے مطابق پاکستان آسیان ممالک کے لیے وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی چین تک رسائی کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کو علاقائی پیداوار اور برآمدات کے مرکز کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ 

انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک تقریباً 24 کروڑ صارفین کی بڑی مارکیٹ رکھتا ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، سی پیک، کے تحت قائم خصوصی اقتصادی زونز میں ٹیکس مراعات اور سرمایہ کاری کے لیے لبرل پالیسی موجود ہے۔ 

ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات و کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فری لانسنگ، زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن، سیاحت اور گرین انرجی کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر سہولتیں فراہم کررہی ہے، جبکہ ایک روز قبل ایس آئی ایف سی کے ساتھ ایک اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری سے متعلق ریگولیٹری اور کمپلائنس کے مسائل دور کیے جارہے ہیں تاکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو مزید آسان بنایا جاسکے۔ 

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی میں خصوصی فوائد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جو آسیان ممالک کے سرمایہ کاروں کے لیے اہم موقع ثابت ہوسکتی ہیں۔ 

ثاقب فیاض مگوں نے آسیان ممالک کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کو اپنی مصنوعات کی تیاری اور برآمدات کے لیے پروڈکشن بیس بنائیں اور یہاں دستیاب صنعتی و تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ 

پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے لیے انہوں نے ایف پی سی سی آئی اور آسیان چیمبرز کے درمیان مشترکہ بزنس فورم قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا پاکستان کی جانب سے سیکرٹریٹ ایف پی سی سی آئی کے پاس ہوگا۔ 

انہوں نے کراچی میں پاکستان آسیان ٹریڈ ایکسپو منعقد کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ دونوں جانب کے کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو براہ راست تجارتی روابط قائم کرنے کا موقع مل سکے۔ 

بزنس راؤنڈ ٹیبل کے دوران سالانہ بنیادوں پر مختلف شعبوں کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، جن میں آئی ٹی، ٹیکسٹائل، ایگری فوڈ، حلال انڈسٹریز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے شامل ہوں گے۔ 

اجلاس میں نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کے لیے ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی تاکہ پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان کاروباری روابط، پیشہ ورانہ تعاون اور تجارتی مواقع کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں