کراچی: معروف گلوکارہ حمیرا چنّا کی گاڑی چوری ہوگئی
کراچی کے علاقے بہادر آباد میں معروف گلوکارہ حمیرا چنّا کی گاڑی چوری ہوگئی، جس کا مقدمہ نیو ٹاؤن تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق گلوکارہ حمیرا چنّا کی گاڑی جمعرات کی شام بہادر آباد میں چار مینار چورنگی کے قریب سے چوری کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد نیو ٹاؤن پولیس نے گاڑی چوری کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے گلوکارہ کی گاڑی چوری ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) اور ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ سندھ نے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور گاڑی چوری کرنے والے ملزمان کا سراغ لگایا جائے۔
ضیا لنجار نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور گلوکارہ حمیرا چنّا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ہمیں احساس ہے۔