Entertainment

اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز نے شادی کے 28 سال بعد خلع لے لیا

اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز نے شادی کے 28 سال بعد خلع لے لیا
۱ منٹ پہلے

معروف پاکستانی اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز معمر رانا نے تقریباً 28 سال کی شادی کے بعد لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلیا۔ عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔ 

لاہور کی فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے مہناز معمر رانا کی درخواست پر فیصلہ سنایا، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے عدالت میں دلائل پیش کیے۔ 

درخواست میں مہناز معمر رانا نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر معمر رانا شراب نوشی کے بعد ان پر تشدد کرتے اور گالم گلوچ کرتے تھے۔ 

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معمر رانا نے متعدد مرتبہ شراب کے نشے میں اپنی بیٹیوں کے سامنے بھی گالیاں دیں، جس کے باعث بیٹیوں کو مبینہ طور پر ذہنی اذیت اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ 

درخواست گزار کے مطابق ان کی شادی معمر رانا سے 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور اس ازدواجی رشتے سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ 

مہناز معمر رانا نے عدالت کو بتایا کہ شادی کو تقریباً 28 سال گزر چکے ہیں، تاہم ان کے شوہر نے گھر کے اخراجات بھی برداشت نہیں کیے۔ 

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اہل خانہ نے متعدد مرتبہ معمر رانا کے رویے میں بہتری لانے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے علاج کروانے سے انکار کردیا۔ 

مہناز معمر رانا نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اب اپنے شوہر کے ساتھ مزید زندگی نہیں گزار سکتیں، اس لیے عدالت ان کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کرے۔ 

فیملی کورٹ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے مہناز معمر رانا کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کردی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں