پاریش راول نے اپنے فلمی کیریئر کی صرف 11 فلموں کو اچھا قرار دے دیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار پاریش راول نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران صرف 11 فلموں کو اچھا قرار دیا ہے۔
چار دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے بھارتی اداکار نے حال ہی میں اپنی فلم ’پاسٹ ٹینس‘ کے پریمیئر کے دوران اپنے فلمی سفر کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
فلم فیسٹیول میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران جب پاریش راول سے ان کی فلموں کی تعداد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی فلموں کی مجموعی تعداد یاد نہیں، تاہم وہ صرف اپنی اچھی فلموں کو یاد رکھتے ہیں، جن کی تعداد محض 11 ہے۔
اس موقع پر ان کے بیٹے آدتیہ راول نے بھی تصدیق کی کہ پاریش راول نے اپنی پسندیدہ فلموں کی گنتی کر رکھی ہے۔
اپنی پسندیدہ فلموں کا ذکر کرتے ہوئے پاریش راول نے بتایا کہ 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سردار‘ میں کام کرنا ان کے دل کے سب سے قریب رہا اور انہوں نے اس کردار کے لیے سخت محنت کی تھی۔
انہوں نے 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تمنا‘ کو بھی اپنی اچھی فلموں میں شامل کیا۔
پاریش راول کے مطابق حقیقی زندگی کے کردار ’ٹیکو‘ پر مبنی اس فلم کا پہلا حصہ اور ان کا کردار انہیں بے حد پسند آیا، تاہم ان کے خیال میں فلم کا دوسرا حصہ مزید بہتر ہوسکتا تھا۔
اداکار نے اپنی منتخب فلموں میں ’اوئے لکی! لکی اوئے!‘ (2008)، ’ممبئی میری جان‘ (2008)، ’دی سٹوری ٹیلر‘ (2025)، ’ہیرا پھیری‘ (2000) اور ’ڈکیت‘ (1987) کو بھی شامل کیا۔
پاریش راول کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پسندیدہ تمام 11 فلموں کے نام نہیں بتاسکتے، تاہم تقریباً 250 فلموں میں سے صرف 11 فلمیں ہی ان کے نزدیک اچھی ہیں۔
واضح رہے کہ پاریش راول نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1984 میں فلم ’ہولی‘ سے کیا تھا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں ’نام‘ (1986)، ’قبضہ‘ (1988) اور ’سر‘ (1993) جیسی فلموں میں منفی کردار ادا کرکے شہرت حاصل کی۔
پاریش راول کو فلم ’سر‘ اور ’وہ چھوکری‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکار کے قومی فلمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
بعد ازاں انہوں نے سنجیدہ اور منفی کرداروں سے کامیڈی کی طرف رخ کیا، جہاں 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہیرا پھیری‘ میں ان کا کردار ’بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے‘ انتہائی مقبول ہوا۔
انہوں نے متعدد کامیاب کامیڈی فلموں میں بھی اداکاری کی، جن میں ’ہنگامہ‘، ’گرم مسالہ‘، ’چھپ چھپ کے‘، ’بھاگم بھاگ‘، ’ویلکم‘ اور ’ویلکم ٹو‘ شامل ہیں۔