Sports

پی ایس ایل: پلیئر ریٹینشن، نیلامی کی شرائط اور ٹیموں کے سکواڈ سائز سے متعلق مجوزہ قوانین پر اتفاق

پی ایس ایل: پلیئر ریٹینشن، نیلامی کی شرائط اور ٹیموں کے سکواڈ سائز سے متعلق مجوزہ قوانین پر اتفاق
۱۶ منٹ پہلے

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں آپریشنز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام فرنچائزز نے پلیئر ریٹینشن، آکشن کی شرائط اور ٹیموں کے سکواڈ سائز سے متعلق مجوزہ قوانین پر اتفاق کرتے ہوئے لیگ کے آپریشنل فریم ورک کو حتمی شکل دے دی۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ورکشاپ میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی اور پلیئر آکشن کے قوانین کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ 

پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ریٹینشن کی آخری تاریخ 13 جنوری مقرر کی ہے۔ یہ تاریخ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی گئی ہے تاکہ مقامی کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی کے ذریعے فرنچائزز کا اعتماد حاصل کرسکیں۔ 

منظور شدہ قوانین کے مطابق پی ایس ایل 12 میں ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑی ریٹین کرسکے گی۔ 

تاہم جو فرنچائز ساتوں کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کا اختیار استعمال کرے گی، اس کے لیے گزشتہ آکشن میں خریدے گئے اپنے سب سے مہنگے کھلاڑی کو لازمی ریلیز کرنا ہوگا۔ 

پی سی بی کے مطابق ہر فرنچائز کی سیلری کیپ 45 کروڑ پاکستانی روپے مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 16 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ 

اگر کوئی فرنچائز کسی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرتی ہے، گزشتہ سیزن کی ڈائریکٹ سائننگ برقرار رکھتی ہے یا دونوں اختیارات استعمال کرتی ہے تو اس کی سیلری کیپ بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہوجائے گی۔ 

نئے قوانین کے تحت ہر فرنچائز کے لیے پلیئر آکشن میں کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔ 

دوسری جانب غیر ملکی کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ 

ڈائریکٹ سائننگ کے لیے یہ شرط بھی مقرر کی گئی ہے کہ ہر فرنچائز صرف ایسے غیر ملکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرسکے گی جس نے گزشتہ دو پی ایس ایل سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔ 

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے ورکشاپ میں تمام فرنچائزز کے درمیان اتفاقِ رائے کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ 

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ آج کا دن صرف اس لیے اہم نہیں کہ مختلف معاملات پر اتفاق ہوگیا، بلکہ اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ اتفاقِ رائے جس انداز میں حاصل کیا گیا وہ قابلِ ذکر ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام فرنچائزز نے ورکشاپ کے دوران مکمل کھلے پن کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں پی ایس ایل 12 کے انتظامی اور کھلاڑیوں سے متعلق قوانین متفقہ طور پر طے کیے گئے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں