Sports

ہانگ کانگ سکسز، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کوشکست دے دی

ہانگ کانگ سکسز، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کوشکست دے دی
۱ منٹ پہلے

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کوشکست دے دی۔ قومی ٹیم نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 

مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بناسکی۔ بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نمایاں بیٹر رہے، جنہوں نے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

بھارت کے 89 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور بھارتی بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ 

خواجہ نافع نے صرف 12 گیندوں پر 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔ 

دونوں بیٹرز اپنی جارحانہ اننگز کے بعد آؤٹ ہوگئے، تاہم اس وقت تک پاکستان فتح کے قریب پہنچ چکا تھا۔ 

عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 13 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ 

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ قومی ٹیم کو اپنے ابتدائی گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں