ایک ہاتھ سے کیچ پکڑنے والے بال بوائے کیلئے4 لاکھ انعام،اکیڈمی میں مفت تربیت کی پیشکش
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے میچ کے دوران ایک نوجوان بال بوائے نے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑ کر شائقین کرکٹ اور کمنٹیٹرز کو حیران کردیا۔ نوجوان کے غیر معمولی کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جبکہ میڈیا رپورٹس میں اسے 4 لاکھ روپے نقد انعام اور کرکٹ اکیڈمی میں مفت تربیت کی پیشکش کیے جانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔
یہ دلچسپ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے چوتھے اوور میں پیش آیا، جب کامندو مینڈس نے پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی گیند پر ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ کی باؤنڈری کے اوپر چھکا لگایا۔
گیند باؤنڈری کے قریب موجود نوجوان بال بوائے کی طرف گئی تو اس نے انتہائی پرسکون انداز میں اپنا بایاں ہاتھ آگے بڑھایا اور بظاہر گیند کی طرف دیکھے بغیر ایک ہی ہاتھ سے کیچ تھام لیا۔
نوجوان کا کیچ پکڑنے کا انداز اتنا غیر معمولی تھا کہ شائقین کے ساتھ کمنٹری پینل بھی حیران رہ گیا۔
ایک کمنٹیٹر نے نوجوان کے کیچ کو شاندار قرار دیا، جبکہ دوسرے نے اس کے پرسکون ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے گیند ایسے پکڑی جیسے یہ اس کے لیے روزمرہ کا معمول ہو۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اس دلچسپ واقعے کی ویڈیو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس کے بعد نوجوان کا کیچ مزید مقبول ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان بال بوائے کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے، جو لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں ملازمت کرتا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ والد کے انتقال کے بعد عدنان اپنے خاندان کی مالی کفالت میں مدد کے لیے ہوٹل میں کام کررہا ہے۔
عدنان کو کرکٹ کا باصلاحیت آل راؤنڈر بھی بتایا گیا ہے، جو لاہور کے ایک مقامی کرکٹ کلب میں پریکٹس کرتا ہے اور کھیل میں آگے بڑھنے کی خواہش رکھتا ہے۔
تاہم مالی مشکلات کے باعث اسے اب تک پیشہ ورانہ کوچنگ اور جدید تربیتی سہولیات حاصل کرنے کے مناسب مواقع نہیں مل سکے۔
رپورٹس کے مطابق عدنان نے پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں بال بوائے کی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے ہوٹل کی ملازمت سے چھٹی لی تھی۔
میچ کے دوران اس کے غیر معمولی کیچ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نوجوان کی صلاحیت نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی۔
میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ نوجوان کی صلاحیت سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مبینہ طور پر اس سے رابطہ کیا اور اسے 4 لاکھ روپے نقد انعام کی پیشکش کی۔
اسی طرح عدنان کو پی سی بی کی کرکٹ اکیڈمی میں مفت داخلے کی پیشکش کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں تاکہ وہ پیشہ ورانہ کوچنگ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناسکے۔
تاہم 4 لاکھ روپے کے نقد انعام اور کرکٹ اکیڈمی میں مفت داخلے سے متعلق اطلاعات کی پی سی بی کے کسی باضابطہ اعلان کے ذریعے آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔