گوجر خان: 14 سالہ بچی سے محلے دار کی متعدد بار زیادتی
راولپنڈی کے قریب تحصیل گوجر خان کے علاقے قاضیاں میں 14 سالہ بچی کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنانے اور دھمکیاں دینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم فیاض کو تحویل میں لے لیا ہے۔
واقعہ تھانہ گوجر خان کی حدود میں واقع قاضیاں کے علاقے حبیب کینال میں پیش آیا، جہاں متاثرہ بچی تقریباً ڈھائی ماہ سے اپنے چچا کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔
مدعی کے مطابق ان کا آبائی تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے اور وہ روزگار کے سلسلے میں حبیب کینال کے علاقے میں محنت مزدوری کرتے ہیں۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کی 14 سالہ بھتیجی تقریباً ڈھائی ماہ قبل ان کے پاس رہنے کے لیے آئی تھی۔
مدعی نے الزام عائد کیا کہ اسی محلے میں رہائش پذیر فیاض نامی شخص نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل بچی کو گھر میں اکیلا پاکر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
شکایت کے مطابق نامزد ملزم شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے، جو مبینہ طور پر بچی کو مسلسل دھمکیاں دیتا اور ہراساں کرتا رہا، جس کے باعث بچی خوف کے سبب اپنے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ نہ کرسکی۔
مدعی کا کہنا ہے کہ ملزم نے تقریباً 10 روز قبل بھی بچی کو دوبارہ مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اس کی طبیعت خراب ہوگئی۔
چند روز قبل بچی گھر میں اچانک بے ہوش ہوگئی، جس پر اہل خانہ نے اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانے کی کوشش کی، تاہم اس نے طبی معائنے کے لیے جانے سے انکار کردیا۔
مدعی کے مطابق بعد میں بچی نے خوف کی حالت میں اہل خانہ کو اپنے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ محلے دار فیاض اسے دھمکیاں دیتا رہا ہے۔
بچی کی جانب سے واقعے کا انکشاف کیے جانے کے بعد اہل خانہ نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس کے مطابق شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور نامزد ملزم فیاض کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزم کے خلاف عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔