آزاد کشمیر ، گھر کے اندر دھماکا، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق، لڑکی زخمی
آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے جنوبی علاقے پندی میں ایک گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ 15 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔
واقعہ جنوبی باغ کے گاؤں پندی میں شکدر نامی شخص کے گھر پیش آیا، جہاں ہونے والے دھماکے میں خاندان کے چار افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں شکدر کی 80 سالہ والدہ، 40 سالہ اہلیہ شازیہ، 11 سالہ بیٹا حارث اور 8 سالہ ملائیکہ شامل ہیں۔
دھماکے میں 15 سالہ انیقہ شدید زخمی بھی ہوئی۔
پولیس کے مطابق رہائشی مکان میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب مقامی رہائشیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکا خیز مواد گھر کے باہر سے اندر پھینکا گیا تھا۔
تاہم پولیس کی جانب سے علاقہ مکینوں کے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی اور دھماکے کی اصل وجہ کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ضلع باغ میں گھر کے اندر دھماکے کے نتیجے میں چار افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر واقعے سے متعلق مبینہ پروپیگنڈے اور اسے متنازع رنگ دینے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر واقعے کو متنازع بنانے کے عمل کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
ضلع باغ کے جنوبی علاقے پندی میں شکدر نامی شخص کے گھر ہونے والے دھماکے میں اس کی 80 سالہ والدہ، 40 سالہ اہلیہ شازیہ، 11 سالہ بیٹا حارث اور 8 سالہ ملائیکہ جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ 15 سالہ انیقہ شدید زخمی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی رہائشیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دھماکا خیز مواد گھر کے باہر سے اندر پھینکا گیا، تاہم پولیس نے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔