Breaking News

نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سلمان اکرم راجہ

نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سلمان اکرم راجہ
۱ منٹ پہلے

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ نورین نیازی تک اہل خانہ کی رسائی یقینی بنانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نورین نیازی سے متعلق درخواست کی سماعت آج ہی کی جائے تاکہ اہل خانہ کو ان سے ملاقات کا موقع مل سکے۔ 

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں تحریک انصاف کے پاس عدالتوں سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ 

پارٹی کے اندرونی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ تحریک انصاف میں انتشار پیدا کرنے کے لیے موقع کی تلاش میں ہیں، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور پارٹی کے اندر نظم و ضبط برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ متعلقہ معاملات کی انکوائری کی جائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قانونی حیثیت سے متعلق معاملہ اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں زیر التوا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن ان کی جماعت کے کسی عہدیدار کو تسلیم نہیں کرتا۔ 

سلمان اکرم راجہ کے مطابق اس صورتحال کے باعث پارٹی کے اندر بعض انتظامی اور قانونی فیصلوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ 

انہوں نے وضاحت کی کہ کسی رکن کو پارٹی سے نکالنے کے لیے بااختیار چیئرمین کے دستخط ضروری ہوتے ہیں۔ 

اس حوالے سے انہوں نے اکبر ایس بابر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آج تک انہیں بھی باضابطہ طور پر پارٹی سے نہیں نکال سکی۔ 

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی رکن کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے تو متعلقہ شخص عدالت سے رجوع کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں ایک نیا قانونی تنازع پیدا ہونے کا خدشہ ہوگا۔ 

سیاسی مذاکرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر بات چیت انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے ہوگی تو ایسے مذاکرات بے معنی ہوں گے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں