سکردو: گھر سے میاں بیوی اور دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد
گلگت بلتستان کے شہر سکردو میں مدینہ کالونی کے قریب ایک گھر سے میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کو چھری اور کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے۔
سکردو پولیس کے مطابق واقعہ مدینہ کالونی کے قریب واقع ایک رہائشی مکان میں پیش آیا، جہاں سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچے شامل ہیں، جن کی عمریں ایک سے پانچ سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق چاروں افراد کو تیز دھار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، جن میں چھری اور کلہاڑی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تاکہ موت سے متعلق طبی شواہد حاصل کیے جاسکیں۔
سکردو پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے تاحال مقتولین کی شناخت، قتل کی ممکنہ وجوہات اور واردات میں ملوث افراد سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔