Pakistan

مولانا فضل الرحمان متنازع بیانات واپس لیں، ریاست اور شہدا پر سمجھوتا نہیں ہوگا: طلال چوہدری

مولانا فضل الرحمان متنازع بیانات واپس لیں، ریاست اور شہدا پر سمجھوتا نہیں ہوگا: طلال چوہدری
۱ منٹ پہلے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ریاست، مسلح افواج اور شہدا سے متعلق اپنے متنازع بیانات واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کسی کی ذاتی لڑائی نہیں ہے، تاہم ریاست، مسلح افواج اور شہدا کے احترام سے متعلق حکومت کا مؤقف واضح ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست، مسلح افواج اور شہدا کے ساتھ کھڑی ہے اور سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہیں لے جانا چاہیے کہ شہادتوں کو ہی متنازع بنادیا جائے۔ 

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاست کا معیار اتنا نہیں گرانا چاہیے کہ شہدا کی قربانیوں پر سوالات اٹھائے جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر شہادت جیسے معاملے کو سیاسی بحث کا موضوع بنا کر سیاست کی جائے تو اس سے سیاست کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہوتا ہے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ابھی بہت تھوڑا کہا ہے، جبکہ وہ اس معاملے پر مزید بہت کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ 

طلال چوہدری کے مطابق محسن نقوی موقع کی مناسبت سے مزید باتیں بھی سامنے لاسکتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے بعض رہنماؤں کی جانب سے ان کے بیانات کی وضاحتیں سامنے آرہی ہیں، تاہم اس معاملے پر خود مولانا فضل الرحمان کو وضاحت دینی چاہیے۔ 

وزیر مملکت نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان خود اپنے بیانات کی وضاحت کریں تو معاملہ کسی نتیجے کی طرف بڑھ سکتا ہے، لیکن انہیں متنازع باتیں واپس لینا ہوں گی۔ 

دہشت گردی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گرد کو دہشت گرد کہنا ضروری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی ابہام کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کو دہشت گردوں کی مذمت اور ان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ 

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت کی بنیادی شرط یہی ہے کہ دہشت گرد کو دہشت گرد تسلیم کیا جائے اور اس کی مذمت کی جائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں