Sports

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دے دی

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دے دی
۱ منٹ پہلے

نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت کو 87 رنز سے شکست دے دی۔ آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں گلین فلپس کی شاندار سنچری اور جیکب ڈفی کی چار وکٹوں کی بدولت میزبان ٹیم نے سیریز میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ 

بھارت ابتدائی تینوں میچ جیت کر پانچ میچز کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔ 

آکلینڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹم سائیفرٹ پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 

تیسرے اوور میں ڈیرل مچل بھی 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ فن ایلن نے 31 اور بیون جیکبز نے 7 رنز بنائے۔ 

112 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد گلین فلپس اور مائیکل بریسویل نے بھارتی بولرز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

گلین فلپس نے صرف 49 گیندوں پر شاندار 107 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ مائیکل بریسویل نے محض 25 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ 

دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 115 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ 

بھارت کی جانب سے میانک یادیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ارشدیپ سنگھ، پرنس یادیو، نتیش کمار اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

260 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہ رکھ سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بناسکی۔ 

بھارت کی جانب سے تلک ورما 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ نمن دھیر نے 28 اور ابھیشیک شرما نے 27 رنز بنائے۔ 

بھارتی کپتان شریاس ایئر 22 اور نتیش کمار 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو فشر اور مچل سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ایڈم ملنے نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ 

اس طرح نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی فتح حاصل کی، تاہم بھارت ابتدائی تین میچز جیتنے کے باعث پانچ میچز کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں