Pakistan

خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر فائرنگ، 2 پولیس اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید

خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر فائرنگ، 2 پولیس اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید
۱ منٹ پہلے

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ اور حملوں کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعات لکی مروت، باجوڑ اور بنوں میں پیش آئے۔ 

لکی مروت کے علاقے شہبازخیل میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل ممتاز کو شہید کردیا۔ 

واقعے کے بعد پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا اور کارروائی کے دوران دونوں مسلح افراد مارے گئے۔ 

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ 

دوسری جانب باجوڑ میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے سیلئی پٹی پولیس پوسٹ پر حملہ کردیا۔ 

حملے کے دوران پولیس اہلکار خائستہ مین سید حملہ آوروں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ 

شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی، جس میں ڈی پی او، ڈپٹی کمشنر، ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید اہلکار کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔ 

ادھر بنوں کے علاقے برماشل چوک میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہوگیا۔ 

شہید اہلکار کی شناخت صدیق زمان کے نام سے ہوئی، جو شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی میں تعینات تھے اور چھٹی پر اپنے گھر آئے ہوئے تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں