عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے کوٹ لکھپت جیل منتقل
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو طبی معائنے اور مختلف ٹیسٹوں کے بعد پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سے دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ انہیں دل میں تکلیف اور بلڈ پریشر بڑھنے کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی کو 28 اکتوبر کی شام طبیعت خراب ہونے، دل میں تکلیف اور بلڈ پریشر بڑھنے پر کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا۔
ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا اور صحت کی صورتحال جانچنے کے لیے مختلف ٹیسٹ کیے۔
نورین نیازی کا ٹروپونن ٹی ٹیسٹ بھی کیا گیا، جو دل کے دورے کی تشخیص میں مدد دیتا ہے، تاہم اس کا نتیجہ نارمل آیا۔
اس کے علاوہ ان کی ای سی جی سمیت دیگر طبی جانچ بھی کی گئی، جن کے نتائج تسلی بخش رہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نورین نیازی کا بلڈ پریشر ادویات کے ذریعے کنٹرول کرلیا گیا اور ان کی طبیعت مستحکم تھی۔
ڈاکٹروں نے معائنے اور ٹیسٹوں کے نتائج دیکھنے کے بعد انہیں فی الحال انجیوگرافی کی ضرورت محسوس نہیں کی۔
طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد نورین نیازی کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
نورین نیازی پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مارچ کے تناظر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت احتیاطی نظر بندی میں ہیں۔
اکتوبر کے دوران ان کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کی گئی تھی۔