Pakistan

تاخیر کے باعث ایم ایل ون منصوبے کی لاگت 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، حنیف عباسی

تاخیر کے باعث ایم ایل ون منصوبے کی لاگت 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، حنیف عباسی
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ پاکستان ریلوے کے اہم ایم ایل ون منصوبے میں تاخیر کے باعث اس کی لاگت میں 2 ارب ڈالر اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت 8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ 

سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران حنیف عباسی نے بتایا کہ اگلے سال جون تک ایم ایل ون منصوبے کے روہڑی سے کراچی سیکشن پر کام شروع کردیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ منصوبے کا کنٹریکٹ تین سال کی مدت کے لیے ہوگا، تاہم اسے دو سے ڈھائی سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 

وفاقی وزیر کے مطابق ایم ایل ون منصوبے سے متاثر ہونے والی آبادی کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔ 

پاکستان ریلوے کے انجنوں سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے حنیف عباسی نے بتایا کہ محکمے کے پاس مجموعی طور پر 439 انجن موجود ہیں، جن میں سے 267 فعال جبکہ 172 غیر فعال ہیں۔ 

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان ریلوے کے 6 انجن صرف 6 ماہ چلنے کے بعد ہی ناکارہ ہوگئے۔ 

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس وقت 40 انجنوں کی اوورہالنگ جاری ہے، جس پر مجموعی طور پر 45 ارب روپے لاگت آئے گی۔ 

حنیف عباسی نے واضح کیا کہ فی الحال نئے ریلوے انجن خریدنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ 

تاہم ریلوے ورکشاپس میں موجود پرانی مشینری کو دوبارہ فعال بنانے اور لیبارٹری کی صلاحیت بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 

پاکستان ریلوے کی مالی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ محکمے کی آمدن نے 78 سال میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ 

ان کے مطابق ریلوے کی آپریٹنگ لاگت میں بھی کمی ہوئی ہے اور اب محکمہ ہر 100 روپے کمانے کے لیے 84 روپے خرچ کررہا ہے۔ 

حنیف عباسی نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے نے 21 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2 لاکھ 82 ہزار 609 ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے۔ 

دوسری جانب وزارت آبی وسائل نے قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات میں بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت میں 642 ارب روپے اضافہ ہوگیا ہے۔ 

وزارت کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت 479 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 121 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 

وزارت آبی وسائل نے بتایا کہ غیر ملکی کرنسی کی شرح تبادلہ میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت بڑھی ہے، جبکہ نیا پی سی ون وزارت آبی وسائل میں جمع کرادیا گیا ہے۔ 

اسی طرح داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت بھی 486 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 740 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 

وزارت آبی وسائل کے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت میں 260 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں