پاکستان کی سعودی عرب کو ٹیکس فری تیل ذخیرہ کرنے کی پیشکش
پاکستان نے سعودی کمپنیوں کو ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ سٹوریج پالیسی کے تحت ملک میں تجارتی بنیادوں پر تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات قائم کرنے کی پیشکش کردی، جبکہ بلوچستان کے علاقے حب میں بڑے پیٹرولیم ذخیرہ و ریفائننگ کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے گزشتہ روز پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقامی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنیات، پیٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے سعودی کمپنیوں کو ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ سٹوریج پالیسی کے تحت ملک میں تجارتی بنیادوں پر تیل کے ذخائر قائم کرنے کی پیشکش کی گئی۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے علاقے حب میں بڑے پیٹرولیم ذخیرہ و ریفائننگ کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ بھی سعودی فریق کے سامنے پیش کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان متعلقہ شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔