Breaking News

حیدرآباد میں کھمبے ہٹائے بغیر سڑک تعمیر کرنا منصوبہ بندی کا حصہ تھا،وزیراعلیٰ سندھ

حیدرآباد میں کھمبے ہٹائے بغیر سڑک تعمیر کرنا منصوبہ بندی کا حصہ تھا،وزیراعلیٰ سندھ
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبے موجود ہونے کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھمبے ہٹائے بغیر سڑک تعمیر کرنا ایک منصوبہ بندی کا حصہ تھا، جس کا مقصد حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) پر کھمبوں کی منتقلی کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ 

کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حیدرآباد میں سڑک کی تعمیر کے لیے چیف سیکریٹری نے کنٹونمنٹ بورڈ سے زمین کا حصول ممکن بنایا تھا۔ 

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ حکومت نے سڑک کے درمیان موجود بجلی کے کھمبے ہٹانے کے لیے حیسکو کو رقم بھی جمع کروائی، تاہم متعلقہ ادارے نے کھمبے منتقل نہیں کیے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ کھمبے ہٹائے جانے کا انتظار کرنے کے بجائے سڑک تعمیر کردی جائے، تاکہ حیسکو پر انہیں ہٹانے کے لیے دباؤ بڑھے۔ 

وزیراعلیٰ کے مطابق سڑک تعمیر کرکے اس پر ٹریفک کی آمدورفت بھی شروع کردی گئی، جس کے بعد لوگوں نے سوال اٹھانا شروع کردیے کہ سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبے کیوں موجود ہیں۔ 

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ یہ سب ایک مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا۔ 

انہوں نے بتایا کہ انہیں اب معلوم ہوا ہے کہ سڑک پر موجود 100 کھمبوں میں سے 25 کھمبے ہٹائے جاچکے ہیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاملے کو اجاگر کرنے پر میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومت کی بات نہیں سنتے، تاہم اس معاملے میں میڈیا اور سوشل میڈیا نے حکومت کی مدد کی۔ 

مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑک کا کام مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد کے شہریوں کو بہت آسانی ہوگی۔ 

انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ یہ سب ایک بڑے منصوبے کا حصہ تھا اور اس میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں