Breaking News

وسط مدتی انتخابات میں شکست پر ٹرمپ ایران پر بڑا حملہ کر سکتے ہیں، امریکی نیوز ویب سائٹ

وسط مدتی انتخابات میں شکست پر ٹرمپ ایران پر بڑا حملہ کر سکتے ہیں، امریکی نیوز ویب سائٹ
۱ منٹ پہلے

امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف کسی بڑے فوجی آپریشن کی منظوری دینے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوجائے گا۔ 

ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ اگر انتخابی نتائج کے باعث صدر ٹرمپ خود کو سیاسی طور پر کمزور یا شرمندہ محسوس کرتے ہیں تو وہ کوئی بڑا اور غیر معمولی قدم اٹھاسکتے ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق اس پیغام کے ذریعے ایرانی حکام کو یہ باور کرانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کا بہترین موقع موجودہ وقت ہے۔ 

تاہم وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران سے متعلق صدر ٹرمپ کے فیصلوں کی بنیاد وسط مدتی انتخابات کے نتائج نہیں ہوں گے۔ 

دوسری جانب قطر کے ثالث ایران اور امریکا کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

ایکسیوس کے مطابق قطری ثالثوں نے جمعے کو تہران میں 12 گھنٹے سے زیادہ بات چیت کی اور اس دوران وائٹ ہاؤس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ 

رپورٹ میں مذاکرات کے دوران مثبت پیش رفت کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ 

ایکسیوس نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان براہ راست مذاکرات کی بحالی کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں ہفتے کو دوحہ میں بھی جاری رہیں گی۔ 

تاہم ممکنہ معاہدے کی شرائط پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ 

واشنگٹن چاہتا ہے کہ کسی بھی نئے معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کو شامل کیا جائے۔ 

دوسری جانب تہران کا مطالبہ ہے کہ امریکا پہلے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرے، منجمد ایرانی اثاثے جاری کرے اور ایرانی تیل کی فروخت پر عائد پابندیاں اٹھائے۔ 

ادھر ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے ایران پر امریکا کے ایک اور ممکنہ حملے سے متعلق سخت ردعمل دیا ہے۔ 

ایکس پر جاری بیان میں ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران پر دوبارہ حملہ کیا تو جنگ کا دائرہ وسیع ہوجائے گا۔ 

محمد اکرمینیا نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ماضی میں سفارت کاری سے دھوکہ کرنے کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ایرانی فوج دشمن کی کارروائیوں پر بھروسا کیے بغیر اپنی جنگی تیاریوں کو مسلسل بہتر بنارہی ہے۔ 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر خطے میں دھمکیوں اور اسرائیل کو اکسانے کے ذریعے نئی فوجی مہم جوئی کی تو جنگ کی آگ یقیناً وسیع علاقے تک پھیل جائے گی۔ 

ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں جنگ کب ختم ہوگی، اس کا فیصلہ امریکی صدر کے ہاتھ میں نہیں ہوگا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں