پی ٹی آئی رہنما دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں 13 سال میں کتنے ہسپتال، کالج اور یونیورسٹیاں بنائیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے 13 سالہ دورِ حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اتنے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والوں نے عوام کے لیے کتنے معیاری ہسپتال، یونیورسٹیاں اور ڈیم بنائے اور صوبائی فنڈز کے استعمال میں کتنی شفافیت قائم کی؟
پشاور کے دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے گزشتہ 13 سالہ دورِ حکومت کو نعروں، دعوؤں اور منفی سیاست کا دور قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اراکین اور قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو خیبرپختونخوا کے عوام کے سامنے اپنی کارکردگی کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کے دورِ حکومت کے دوران سرکاری فنڈز کتنی شفافیت کے ساتھ استعمال کیے گئے اور اس عرصے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟
صوبے میں طبی اور تعلیمی سہولیات کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ 13 سال میں کتنے معیاری ہسپتال، کالج اور یونیورسٹیاں قائم کی گئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام سے ادویات اور علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے، لیکن ان کے بقول عوام کو محض ٹرخایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بڑی تعداد میں سکول اور یونیورسٹیاں قائم کرنے، چھوٹے ڈیم تعمیر کرنے اور عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کے بڑے دعوے کیے گئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 13 سال تک حکومت کرنے والوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ان کے بقول دعوے تو بہت کیے گئے، لیکن عملی اقدامات کے بجائے صرف منفی سیاسی گفتگو کی گئی۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2017 اور 2018 میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ اور بے مثال قربانیاں دیں۔
وزیراعظم کے مطابق ملک میں امن کی بحالی کے لیے سیاست دانوں کے خاندانوں اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ثمر ہارون بلور اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔