Breaking News

خواتین اور کینسر سے متعلق کیپٹن صفدر کے بیان پر مریم نواز کا جذباتی پیغام

خواتین اور کینسر سے متعلق کیپٹن صفدر کے بیان پر مریم نواز کا جذباتی پیغام
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خواتین اور کینسر کے مرض سے متعلق متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے خواتین اور بیویوں کی ان مشکلات کا ذکر کیا ہے جو اکثر بند دروازوں کے پیچھے خاموشی سے برداشت کی جاتی ہیں۔ 

کیپٹن (ر) صفدر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں وہ خواتین کے حقوق سے متعلق نعرے ’میرا جسم، میری مرضی‘ پر طنز کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ 

ویڈیو میں کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ بعض خواتین اپنے جسم پر اختیار کی بات کرتی ہیں، لیکن جب انہیں کینسر جیسی بیماری لاحق ہوتی ہے تو علاج اور صحت یابی کے لیے مذہبی شخصیات سے دعاؤں اور دم کیے ہوئے پانی کی درخواست کرتی ہیں۔ 

کیپٹن (ر) صفدر کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 

اس معاملے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ 

مریم نواز نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ایک عورت اور بیوی بند دروازوں کے پیچھے کتنی خاموش جنگیں لڑتی ہے، اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ 

انہوں نے لکھا کہ عورت کو اس وقت بھی خود کو مضبوط رکھنا پڑتا ہے جب وہ اندر سے ٹوٹ رہی ہوتی ہے۔ کچھ جنگیں خاموشی سے لڑی جاتی ہیں اور بعض زخم دکھائی نہیں دیتے۔ 

یہ معاملہ اس وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کہ مریم نواز کی والدہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 11 ستمبر 2018 کو انتقال کرگئی تھیں۔ 

بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے دوران ان کے خاندان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

مریم نواز کے پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ 

بعض صارفین نے خواتین اور کینسر کے مریضوں کی مشکلات اجاگر کرنے پر مریم نواز کے پیغام کو سراہا، جبکہ دیگر نے سوال اٹھایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے متنازع بیان پر براہ راست مؤقف کیوں اختیار نہیں کیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں