Breaking News

فضل الرحمٰن نے محسن نقوی پر ذاتی حملہ کیا، مذہب کے نام پر غیر قانونی قبضے نہیں ہو سکتے، طلال چوہدری

فضل الرحمٰن نے محسن نقوی پر ذاتی حملہ کیا، مذہب کے نام پر غیر قانونی قبضے نہیں ہو سکتے، طلال چوہدری
۱ منٹ پہلے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے اور شہر کو ہر صورت تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے، جس کے دوران اربوں روپے مالیت کی سرکاری اور نجی زمین واگزار کرائی گئی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ صرف اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں 200 ارب روپے مالیت کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ 

وزیر مملکت کے مطابق وزیراعظم کا وژن اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت شہر بھر میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کے پلاٹس پر غیر قانونی قبضے کیے گئے تھے، انہیں ان کی زمینیں واپس دلوائی گئی ہیں۔ 

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جس کسی نے بھی غیر قانونی تجاوزات قائم کیں، اسے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے امان اللہ کو بھی نوٹس جاری کیا گیا، جبکہ وزیراعظم ہاؤس کے عقب سے بھی تجاوزات ختم کرائی گئی ہیں۔ 

وزیر مملکت نے کہا کہ پشاور میں بھی غیر قانونی تجاوزات مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔ 

گرین بیلٹس پر قائم تجاوزات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی کے نام پر عوامی جگہوں کو بند کرنا جائز نہیں۔ 

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ عوام کا راستہ روک دے؟ 

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو غیر قانونی طور پر راستے بند کرنے یا سرکاری اور عوامی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ 

اس موقع پر وزیر مملکت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملہ کیا ہے۔ 

طلال چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ شہادتوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے پلاٹوں پر قابض ہیں۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان وزیر داخلہ محسن نقوی کی کسی بات کا جواب نہیں دے سکے اور واضح کیا کہ شہدا کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ 

وزیر مملکت نے سوال اٹھایا کہ کیا سیاست کے زور پر سڑکوں پر قبضہ کیا جائے گا؟ 

انہوں نے کہا کہ آپ ریاست کو کچھ نہیں دے سکے تو کم از کم غیر قانونی کام ہی چھوڑ دیں، مذہب کے نام پر غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا۔ 

طلال چوہدری نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان ان کے سوالات کا جواب دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ کسی کو ذاتی حملے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ذاتی حملوں کے ذریعے جواب دینے کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ 

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر جذبات میں آکر کوئی جواب دیا گیا ہے تو متعلقہ شخص کو اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے۔ 

انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ حکومت تجاوزات کے خاتمے کے معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اسلام آباد کو غیر قانونی قبضوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں