Pakistan

گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

گوجرانوالہ: ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
۱ منٹ پہلے

گوجرانوالہ میں ولیمے کے روز دلہن کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ سی سی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم سرفراز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور ہسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ 

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مطابق اہلکار مدوخلیل روڈ پر ایک آپریشن کے لیے جارہے تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے پولیس وین کو دیکھ کر فائرنگ کردی۔ 

سی سی ڈی کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی ہوگیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ 

زخمی ملزم کی شناخت سرفراز کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ میں ولیمے کے روز دلہن کے قتل کے مقدمے میں مرکزی ملزم تھا۔ 

سی سی ڈی نے دعویٰ کیا کہ سرفراز اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا اور اسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ 

حکام کے مطابق ایک دوسری کارروائی میں مرکزی ملزم کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا گیا، جبکہ مقدمے میں نامزد ملزمہ عروب پہلے ہی گرفتار ہوچکی ہے۔ 

واضح رہے کہ ولیمے کے روز دلہن کے قتل کا واقعہ 24 اکتوبر کو گوجرانوالہ کے علاقے سمن آباد چنگی کے قریب پیش آیا تھا۔ 

ملزم سرفراز نے مبینہ طور پر ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن کو قتل کردیا تھا۔ 

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق سرفراز نے تقریباً تین سال قبل مقتولہ کے گھر شادی کا رشتہ بھیجا تھا، تاہم لڑکی کے گھر والوں نے رشتہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ 

دلہن کے قتل کا مقدمہ مرکزی ملزم سرفراز، مقتولہ کی ایک دوست اور ایک دوسرے شخص سمیت تین افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں