مہندی تقریب میں ہلاکتیں، ٹک ٹاکر پتلو مفرور،اثرورسوخ سے قانون کو بے اثر بنا رہا ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعے میں ٹک ٹاکر پتلو مفرور ہے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ڈسکہ میں پیش آنے والے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیر دفاع کے مطابق پتلو کے نام سے مشہور ٹک ٹاکر نے اپنی شادی کی تقریب پر قیمتی انعامات کا اعلان کرکے بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کرلیا، جن میں بھاری نقد انعامات بھی شامل تھے۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ ٹک ٹاکر نے یہ سارا ڈرامہ سوشل میڈیا سے مزید کمائی کے لیے کیا۔ ان کے بقول قیمتی انعامات اس کی سرمایہ کاری تھی، جبکہ اصل کمائی سوشل میڈیا سے حاصل کرنا مقصود تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح علاقے کے غریب عوام کی غربت کا مذاق بنایا گیا اور بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔
وزیر دفاع کے مطابق بھگدڑ کے نتیجے میں دو انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد ٹک ٹاکر پتلو مفرور ہے اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے قانون کو بے اثر بنانے کی کوشش کررہا ہے۔
سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بے لگام سوشل میڈیا معاشرے اور ریاست کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے سوشل میڈیا سے ہونے والی آمدن اور اس پر ٹیکس قوانین کے اطلاق سے متعلق بھی سوال اٹھایا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ ٹک ٹاکرز کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کما رہے ہیں، کیا ٹیکس قوانین ان کی آمدن کو ریگولیٹ کررہے ہیں؟