Entertainment

کراچی کو جیل قرار دینے پر حنا پرویز کی اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت

کراچی کو جیل قرار دینے پر حنا پرویز کی اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت
۱ منٹ پہلے

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کراچی کو لڑکیوں کے لیے جیل قرار دینے پر پاکستانی اداکارہ حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دے دی۔ 

حنا الطاف نے چند روز قبل لندن کی سڑکوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کی فلائٹ سے پہلے سوچا کہ لندن میں آخری ناشتہ کرلوں، کیونکہ اس کے بعد دوبارہ کراچی کی جیل میں قید ہونا ہے۔ 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں لڑکیاں آزادی سے زندگی نہیں گزار سکتیں، یہاں تک کہ ان کے لیے سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہے۔ 

حنا الطاف کے بیان پر اب چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ 

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ انہوں نے حنا الطاف کی ویڈیو دیکھی ہے، جس میں اداکارہ نے کراچی میں خواتین کو درپیش حفاظتی چیلنجز کو اجاگر کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں حنا الطاف کو لاہور آنے کی دعوت دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں یہاں خواتین کی حفاظت ایک اہم ترجیح ہے۔ 

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا عزم ایسا ماحول بنانا ہے جہاں ہر خاتون بلا خوف و خطر، آزادی اور اعتماد کے ساتھ نقل و حرکت کرسکے اور اسے ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ لندن کے مقابلے میں خواتین خود کو لاہور میں زیادہ محفوظ سمجھتی ہیں۔ 

حنا پرویز بٹ کے مطابق لاہور میں خواتین کو نہ کوئی تشدد کا نشانہ بنا سکتا ہے اور نہ ہی ہراساں کرسکتا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں