میسی مسلسل دوسری مرتبہ گولڈن بوٹ جیتنے کے قریب
ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی 39 برس کی عمر میں بھی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب وہ میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) میں مسلسل دوسری مرتبہ گولڈن بوٹ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
لیونل میسی نے نیو انگلینڈ ریوولوشن کے خلاف اہم مقابلے میں آخری لمحات میں شاندار گول کرکے اپنی ٹیم انٹر میامی کو 1-2 سے فتح دلادی۔
اس کامیابی کے ساتھ انٹر میامی ایسٹرن کانفرنس میں 59 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی۔
میچ کے 53ویں منٹ میں نیو انگلینڈ ریوولوشن نے ڈینیئل گازداغ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم انٹر میامی کے کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلے کا نقشہ بدل دیا۔
69ویں منٹ میں ٹیلاسکو سیگوویا کی عمدہ موو کے بعد جرمن بیرٹرامے نے ہیڈر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔
اس کے بعد 83ویں منٹ میں لیونل میسی نے اپنی انفرادی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑیوں کو چکمہ دیا اور بائیں پاؤں سے خوبصورت شاٹ لگا کر فیصلہ کن گول اسکور کردیا۔
اس گول کے ساتھ رواں سیزن میں میسی کے لیگ گولز کی تعداد 26 ہوگئی ہے اور وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ایف سی ڈلاس کے پیٹار موسا سے چار گول آگے ہیں، جنہوں نے اب تک 22 گول کیے ہیں۔
ایم ایل ایس میں 2005 سے گولڈن بوٹ کا اعزاز گولز کی تعداد کی بنیاد پر دیا جارہا ہے، تاہم اس فارمیٹ کے متعارف ہونے کے بعد سے اب تک کوئی بھی کھلاڑی مسلسل دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکا۔
واضح رہے کہ میسی نے 2025 میں 28 میچز کے دوران 29 گول کرکے پہلی مرتبہ گولڈن بوٹ جیتا تھا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے انٹر میامی کے پہلے کھلاڑی بنے تھے۔
انہوں نے اسی سیزن میں 19 اسسٹ بھی کیے تھے۔