Sports

سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ

سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ
۱ منٹ پہلے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ 

آئی سی سی کے مطابق ہفتے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پاکستانی ٹیم مقررہ وقت کے اندر ایک اوور کم کرانے کی مرتکب پائی گئی۔ 

میچ ریفری جیف کرو نے مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر پاکستانی ٹیم کے خلاف جرمانے کی کارروائی کی۔ 

آئی سی سی کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سلو اوور ریٹ سے متعلق خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے عائد کردہ سزا قبول کرلی۔ 

یہ جرمانہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت عائد کیا گیا، جس کے مطابق مقررہ وقت میں ہر اوور کم کرانے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد بطور جرمانہ وصول کیا جاتا ہے۔ 

پاکستانی ٹیم کے خلاف سلو اوور ریٹ کا چارج آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے عائد کیا تھا۔ 

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا۔ 

پاکستانی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں باقی رہتے ہوئے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا اور 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 127 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ 

یہ فخر زمان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی، جس کی بدولت پاکستان ابتدائی وکٹیں گرنے کے باوجود بڑا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں