محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کروا لی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے، جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
محمد عامر برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کی شہریت حاصل کرچکے ہیں اور انہوں نے افغانستان پریمیئر لیگ میں اپنی رجسٹریشن بھی برطانوی شہری کے طور پر کروائی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اس فیصلے کے باوجود پاکستان کے متعدد کرکٹرز نے افغانستان پریمیئر لیگ کے پلیئرز ڈرافٹ کے لیے رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔
محمد عامر کو برطانوی شہریت حاصل ہونے کے باعث پی سی بی سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں، جس کی وجہ سے وہ اس پابندی سے متاثر نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان پریمیئر لیگ کے کھلاڑیوں کا ڈرافٹ 3 نومبر کو منعقد ہوگا۔