پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا
پاکستان نے گیانا میں کھیلے گئے آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل مقابلے میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے گریک ہنٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 103 رنز کی سنچری سکور کی، جبکہ اسٹیف پولنس نے 70 اور گلین بیٹی کیٹو نے 46 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے فرید الدین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ وسیم علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے 44.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ رنز مکمل کرکے ایک وکٹ سے یادگار فتح حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے عدنان اکمل نے 83 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ جاوید منصور نے 62 اور طارق محمود نے 41 رنز بنا کر کامیابی کی بنیاد رکھی۔
وسیم علی نے 22 اور فرید الدین نے 24 رنز سکور کرکے ہدف کے تعاقب میں قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان جنید خلیل نینی تال والا نے فیصلہ کن موقع پر وننگ شاٹ کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی اور ورلڈ کپ کا ٹائٹل پاکستان کے نام کردیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیمی پانیلی نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بریٹن ایڈوڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے پول مرحلے میں کریبین، بھارت، نیوزی لینڈ اور امریکا کی ٹیموں کو شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جہاں آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے ہرا کر آئی ایم سی اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔