Breaking News

ایپل کے سب سے پتلے آئی فون کا نیا ماڈل، 3 بڑی تبدیلیاں سامنے آگئیں

ایپل کے سب سے پتلے آئی فون کا نیا ماڈل، 3 بڑی تبدیلیاں سامنے آگئیں
۱ منٹ پہلے

ایپل کے سب سے پتلے سمارٹ فون آئی فون ایئر کے نئے ماڈل سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئی ہیں، جس میں پہلے کے مقابلے میں تین بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ کمپنی کی جانب سے آئی فون ایئر 2 کو آئی فون 18 سٹینڈرڈ اور آئی فون 18 ای کے ساتھ 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

 

ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون ایئر 2 میں ایپل کا اے 20 سیریز چپ سیٹ استعمال ہوگا۔ یہی پراسیسر ستمبر 2026 میں متعارف کرائے گئے آئی فون 18 پرو ماڈلز اور کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل فون آئی فون ڈو میں بھی موجود ہے۔

 

اگر یہ معلومات درست ثابت ہوئیں تو نیا آئی فون ایئر کارکردگی کے لحاظ سے اپنے پہلے ماڈل سے زیادہ طاقتور ہوگا، جس میں اے 19 پرو پراسیسر دیا گیا تھا۔

 

نئے فون میں دوسری بڑی تبدیلی کیمرا سسٹم کی صورت میں سامنے آسکتی ہے۔ پہلے آئی فون ایئر میں پشت پر صرف ایک 48 میگا پکسل کیمرا موجود تھا، تاہم آئی فون ایئر 2 میں دو کیمروں کا سیٹ اپ متوقع ہے۔ اس میں 48 میگا پکسل کے مین کیمرے کے ساتھ 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا بھی شامل ہوگا۔

 

تیسری اہم تبدیلی بیٹری کی گنجائش میں اضافے سے متعلق ہے۔ پہلے ماڈل میں 3149 ایم اے ایچ بیٹری استعمال کی گئی تھی، جبکہ نئے فون میں اس سے بڑی بیٹری دیے جانے کی توقع ہے۔ ایک سابقہ رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ آئی فون ایئر 2 میں 3500 ایم اے ایچ بیٹری شامل کی جاسکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

 

مختلف لیکس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیا آئی فون اپنے پیشرو سے مزید پتلا ہوگا۔ پہلے آئی فون ایئر کی موٹائی 5.6 ملی میٹر تھی، جبکہ نئے ماڈل کی موٹائی کم ہو کر 5.2 ملی میٹر رہ سکتی ہے۔

 

فون میں 6.55 انچ کی فلیٹ او ایل ای ڈی سکرین متوقع ہے، جو 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کو سپورٹ کرے گی۔

 

ایپل نے ابھی آئی فون ایئر 2 کی رونمائی کی باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم رپورٹس کے مطابق اسے مارچ 2027 میں متعارف کرائے جانے کا قوی امکان ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں