Pakistan

26 نومبر احتجاج کیس، اسد قیصر، عاطف خان، لطیف کھوسہ اور فیصل گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور

26 نومبر احتجاج کیس، اسد قیصر، عاطف خان، لطیف کھوسہ اور فیصل گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج سے متعلق مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر، عاطف خان، لطیف کھوسہ اور فیصل امین گنڈا پور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرلیں۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر احتجاج اور سپریم کورٹ سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چاروں ملزمان کی درخواستوں پر سماعت کے بعد ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ہر ملزم کو 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ 

عدالتی فیصلے کے مطابق اسد قیصر کی 9 مقدمات، عاطف خان کی 4، لطیف کھوسہ کی 3 جبکہ فیصل امین گنڈا پور کی 6 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی گئی۔ 

عدالت نے چاروں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں 11 فروری تک منظور کی ہیں۔ 

واضح رہے کہ چند روز قبل عدالت نے سماعت کے دوران عدم حاضری کی بنیاد پر چاروں ملزمان کی ضمانتیں خارج کردی تھیں۔ 

ضمانتیں خارج ہونے کے بعد ملزمان کی جانب سے دوبارہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں دائر کی گئیں، جنہیں عدالت نے منظور کرلیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں