Pakistan

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح، قرضوں میں تاخیر کرنے والے بینکوں کو رعایت نہ دی جائے: وزیراعظم

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح، قرضوں میں تاخیر کرنے والے بینکوں کو رعایت نہ دی جائے: وزیراعظم
۱ منٹ پہلے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں تاخیر کرنے والے بینکوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی ہدایت کردی۔ 

وزیراعظم کی زیر صدارت معیشت کے ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالیاتی سہولتوں اور مختلف شعبوں کی ترقی کے امور پر غور کیا گیا۔ 

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ صارفین کو قرضوں کی فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بینکوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے کاروباری اور دیگر ضروری قرضوں کی فراہمی میں غیر ضروری رکاوٹیں دور ہونی چاہییں۔ 

وزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے کو فروغ ملے گا، جبکہ گھروں کی تعمیر سے وابستہ متعدد صنعتوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ 

انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کاروبار معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

زرعی شعبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے کی ترقی قومی معاشی استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔ 

شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کررہی ہے تاکہ زرعی پیداوار سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ 

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور نجی شعبے کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور قرضوں تک رسائی بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں