آسان ٹیکس سکیم میں رجسٹرڈ نہ ہونے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانوں کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آسان ٹیکس سکیم میں رجسٹریشن نہ کرانے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے انفورسمنٹ کا مکمل طریقہ کار آئندہ چند روز میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ حکومت نے تاجروں کے تمام مطالبات تسلیم کیے، تاہم اس کے باوجود آسان ٹیکس سکیم میں دکانداروں کی رجسٹریشن توقعات کے مطابق نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اب ٹیکس نظام میں رجسٹریشن نہ کرانے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی اقدامات اور جرمانوں کی طرف بڑھ رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جاسکے۔
اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر نے آسان ٹیکس سکیم کے نتائج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے۔
نوید قمر نے کہا کہ حکومت کو توقع تھی کہ اس سکیم کے تحت تقریباً 80 فیصد دکاندار رجسٹرڈ ہوجائیں گے، لیکن اگر 20 فیصد دکاندار بھی رجسٹرڈ نہیں ہوئے تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت دوبارہ صفر پر کھڑی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے وزیر مملکت سے استفسار کیا کہ رجسٹریشن نہ کرانے والے دکانداروں کے خلاف انفورسمنٹ کا طریقہ کار کیا ہوگا اور حکومت اس پر کس طرح عمل درآمد کرے گی؟
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جواب دیا کہ دکانداروں کے خلاف کارروائی کا مکمل طریقہ کار چند دنوں میں قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ٹیکس قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، تاہم کارروائی اور جرمانوں کی تفصیلی شرائط سے متعلق طریقہ کار ابھی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جانا باقی ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں کمپنیز ترمیمی بل پر بھی غور کیا گیا، تاہم ضروری وضاحت اور بریفنگ نہ ملنے کے باعث کمیٹی نے بل کی کارروائی مؤخر کردی۔
چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن سکیم کے مبینہ غلط استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی۔
انہوں نے اجلاس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ضروری بریفنگ کے بغیر بل پر مزید پیش رفت نہیں کی جاسکتی۔
نوید قمر نے اعلان کیا کہ کمپنیز ترمیمی بل کو فی الحال مؤخر کیا جارہا ہے، جبکہ آسان ٹیکس سکیم کے تحت دکانداروں کے خلاف انفورسمنٹ کا طریقہ کار آئندہ چند روز میں کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔