چار ماہ میں تجارتی خسارہ 14 ارب 63 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، سیمنٹ کی فروخت میں 2.93 فیصد اضافہ
رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی چار ماہ میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 14 ارب 63 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جولائی سے اکتوبر کے دوران درآمدات 26 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں جبکہ برآمدات 11 ارب 44 کروڑ ڈالر رہیں۔ دوسری جانب اسی عرصے میں ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تجارتی اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026-27 میں جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 11 ارب 44 کروڑ ڈالر رہا، جبکہ درآمدات 26 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کی گئیں۔
صرف اکتوبر میں درآمدات 7 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں، جبکہ برآمدات 2 ارب 94 کروڑ ڈالر رہیں۔ اس طرح اکتوبر کا تجارتی خسارہ 4 ارب 7 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات کا مجموعی حجم 6 ارب 66 کروڑ ڈالر رہا۔ جولائی میں ایک ارب 83 کروڑ ڈالر، اگست میں ایک ارب 59 کروڑ ڈالر، ستمبر میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر اور اکتوبر میں ایک ارب 72 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئیں۔
دوسری جانب آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے سیمنٹ کی فروخت سے متعلق اعدادوشمار جاری کردیے، جن کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.93 فیصد اضافہ ہوا۔
ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 1.17 فیصد اضافے سے 40 لاکھ 41 ہزار ٹن رہی، جبکہ برآمدات 3.67 فیصد کمی کے بعد 7 لاکھ 68 ہزار 754 ٹن ریکارڈ کی گئیں۔
اکتوبر کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 0.37 فیصد اضافے کے ساتھ 48 لاکھ 10 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔
شمالی علاقوں کی سیمنٹ ملز کی مجموعی فروخت میں اکتوبر کے دوران 3.13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ان ملز کی مقامی فروخت 0.13 فیصد اضافے کے بعد 33 لاکھ 97 ہزار ٹن رہی۔
جنوبی علاقوں کی سیمنٹ ملز کی مقامی فروخت میں 7.05 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 6 لاکھ 43 ہزار 816 ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ ان علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات میں 12.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔