اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات، پیٹرولیم قیمتوں اور عوامی ریلیف پر مشاورت
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، کم آمدنی والے شہریوں پر معاشی بوجھ کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے قابل عمل تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو معاشی ریلیف دینے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران کم آمدنی والے شہریوں کو درپیش مالی مشکلات میں کمی لانے اور عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کے لیے قابل عمل تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود عام شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل مکالمہ اور مشاورت نہایت اہم ہے۔