Pakistan

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر آج اچھی خبر ملنے کی امید ہے، علی پرویز ملک

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر آج اچھی خبر ملنے کی امید ہے، علی پرویز ملک
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید نرمی کے بعد آج پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر ملنے کی امید ظاہر کردی، جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں منافع خوری روکنے، مسابقت بڑھانے اور مستحق افراد کو ریلیف دینے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان بھی کیا۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ آج بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نرمی کا رجحان برقرار رہا، اس لیے امید ہے کہ عوام کو پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے اچھی خبر ملے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ جہاں تک ممکن ہو کمزور طبقے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ بعض لوگ عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، جبکہ چند عناصر نے ایل پی جی کے شعبے میں منافع خوری کرتے ہوئے لوگوں کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ 

وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے۔ پاکستان میں ایل پی جی کی سالانہ مقامی کھپت 24 لاکھ ٹن ہے، جبکہ ملکی ضرورت کی نصف سے زیادہ ایل پی جی درآمد کی جاتی ہے۔ 

علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے آج توانائی کے معاملات پر اجلاس کیا ہے۔ ماضی میں ایل پی جی ذخیرہ کرنے کی سہولتوں پر مناسب کام نہیں کیا گیا، تاہم اب حکومت انرجی سیکیورٹی آرکیٹکچر تیار کررہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کے شعبے میں مسابقت متعارف کرائی جائے گی تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سستی ایل پی جی فراہم کی جاسکے۔ 

وفاقی وزیر کے مطابق پی ایس او اور سوئی سدرن کے ذریعے ایندھن کی بلک خریداری کی جائے گی، جبکہ تمام کمپنیوں کو مقامی ایل پی جی کی شفاف نیلامی یقینی بنانے کی ہدایت دی جائے گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی کی درآمد کو مسابقتی بنیادوں پر کھولا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او)، سوئی سدرن اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ایل پی جی درآمد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ تمام کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کے نرخ بھی جاری کرنا ہوں گے۔ 

علی پرویز ملک نے الزام عائد کیا کہ ایل پی جی کے شعبے میں چند افراد کا گزشتہ 50 سال سے گٹھ جوڑ قائم ہے، جسے ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ایل پی جی کی فراہمی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ اس شعبے میں قائم گٹھ جوڑ توڑا جاسکے۔ 

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ ایل پی جی کی 5 ٹن اور 10 ٹن کے حساب سے نیلامی کی جائے گی، جبکہ قیمتوں میں استحکام کے لیے ایل پی جی پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ بھی قائم کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ مستحق شہریوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی کی مد میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ 

وفاقی وزیر کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ایل پی جی کے لائسنس جاری کرنے کا عمل شفاف بنائے گی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے ایل پی جی اسٹوریجز کا آڈٹ بھی کرے گی۔ 

علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ عالمی منڈی کی موجودہ قیمتوں کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 450 روپے فی کلو بنتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں