بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 2 الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے شہر میں سڑک بند کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔
اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں علاقوں میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی۔