Business

مستحق افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایل پی جی میں ریلیف دیں گے، وزیرِ پٹرولیم

مستحق افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایل پی جی میں ریلیف دیں گے، وزیرِ پٹرولیم
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مستحق افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی میں ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سستی ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائے گی، جبکہ دسمبر اور جنوری میں ملک بھر میں گیس کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 450 روپے فی کلو بنتی ہے، تاہم چند عناصر نے ایل پی جی پر منافع خوری کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کرے گی۔ 

وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جارہا ہے، جبکہ تمام کمپنیاں اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کے نرخ ظاہر کریں گی۔ مقامی ایل پی جی کی فراہمی آکشن کے ذریعے کی جائے گی۔ 

علی پرویز ملک نے کہا کہ مستحق افراد کو بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی میں ریلیف دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں دسمبر اور جنوری کے دوران گیس کی فراہمی برقرار رہے۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام پر بوجھ نہ پڑے، اسی لیے عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ 

عطا تارڑ کے مطابق ایل پی جی سے متعلق فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں