پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد 6 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز، اکتوبر میں ریکارڈ اضافہ
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد تاریخی اضافے کے بعد 6 لاکھ 81 ہزار 965 تک پہنچ گئی، جبکہ اکتوبر 2026 کے دوران ریکارڈ 25 ہزار 747 نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بنے۔ سرمایہ کاروں کی تعداد میں اس نمایاں اضافے کو حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
وفاقی مشیر برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات خرم شہزاد کے مطابق اکتوبر 2026 میں پاکستان سٹاک ایکسچینج سے 25 ہزار 747 نئے سرمایہ کار منسلک ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 66 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ملک کی مالیاتی منڈیوں میں عوامی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ رواں سال 2026 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 18 ہزار 894 نئے سرمایہ کار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا حصہ بنے، جو گزشتہ 4 برس میں ہونے والے مجموعی اضافے سے بھی زیادہ ہیں۔
وفاقی مشیر کے مطابق مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر 56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے مزید بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ میں نئے شامل ہونے والے سرمایہ کاروں میں 85 فیصد کا تعلق جنریشن زی اور ملینیلز سے ہے۔
ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان نسل میں حصص کی خرید و فروخت اور مالیاتی مارکیٹ میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔